اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سرگودھا پولیس لائن میں داخلے کی کوشش، جعلی لیڈی کانسٹیبل گرفتار

تازہ ترین
سرگودھا پولیس لائن میں داخلے کی کوشش، جعلی لیڈی کانسٹیبل گرفتار

سرگودھا میں پولیس وردی پہن کر سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے اور پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش پر جعلی لیڈی کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ شوقیہ طور پر گزشتہ 3 سال سے پولیس یونیفارم استعمال کر رہی تھی، سرگودھا میں تھانہ کینٹ میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس لائن میں مین گیٹ پر پولیس وردی میں ملبوس ملزمہ اندر داخل ہونے لگی، مشکوک جان کر پوچھ گچھ کرنے پر لڑکی کوئی سروس کارڈ نہیں دکھا سکی، جس پر تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی جبکہ موبائل میں پولیس یونیفارم میں بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود تھیں۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے بتایا کہ وہ محض ویڈیوز بنانے کے لیے گزشتہ 2 سے 3 سال سے وردی پہن رہی ہے اور پولیس لائن میں ایک کانسٹیبل سے ملنے آئی تھی، تھانہ کینٹ پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ