10 سالہ بچے کے پیٹ میں ایک غیر معمولی رسولی کی موجودگی کا انکشاف، ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرلیا

پاکستان کے طبی ماہرین نے 10 سالہ بچے کے پیٹ سے ایک غیر معمولی رسولی نکال لی، جس میں جزوی طور پر تشکیل پانے والے جنین کا ڈھانچہ موجود تھا، نایاب طبی کیس نے دنیا بھر کے ماہرین کی توجہ حاصل کر لی۔
بچے کو 16 جون 2026ء کو پیٹ میں درد، ہلکے بخار اور غیر واضح طور پر وزن کم ہونے کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اسے گزشتہ 10 روز سے پیٹ میں درد کی شکایت تھی۔
سی ٹی اسکین میں بچے کے پیٹ کے بالائی بائیں حصے میں تقریباً 10 بائی 11 بائی 14 سینٹی میٹر کی رسولی کی موجودگی سامنے آئی، جس میں چربی کے ٹشوز، دانتوں جیسی کیلشیم کی تہیں اور جنین سے مشابہ واضح ڈھانچہ موجود تھا۔
آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ رسولی چھوٹی آنت کے قریب بڑی خون کی نالیوں سے جڑی ہوئی تھی، رسولی کے اندر جسم کے اعضا، بال، ناخن اور ریڑھ کی ہڈی جیسے ڈھانچے بھی موجود تھے۔
بھارت میں 21 سالہ طوطے کی رسولی کا کامیاب آپریشن
ڈاکٹروں کو شبہ ہے کہ یہ غیر معمولی کیفیت ’فیٹس اِن فیٹو‘ (Fetus in Fetu) نامی نایاب طبی حالت کے باعث پیدا ہوئی، جس کا مطلب ایک جنین کے اندر دوسرا جنین ہے۔
یہ کیفیت تقریباً 5 لاکھ زندہ پیدائشوں میں سے کسی ایک میں سامنے آتی ہے اور دنیا بھر میں اب تک اس کے 250 سے بھی کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ اس حالت میں جڑواں بچوں میں سے ایک جنین ابتدائی نشوونما کے دوران دوسرے کے جسم میں پھنس جاتا ہے، 10 سال کی عمر میں اس کیفیت کا سامنے آنا غیر معمولی ہے۔
ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ تشخیص حتمی نہیں، ٹشوز کے نمونے مناسب طریقے سے محفوظ نہ ہونے کے باعث ان کا خردبینی معائنہ ممکن نہیں ہوسکا، اس لیے ایک نایاب رسولی، جسے فیٹی فارم ٹیراٹوما کہا جاتا ہے، اس کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جاسکا۔
آپریشن کے بعد بچے کی طبیعت بہتر رہی، اسے خون کی ایک بوتل بھی لگائی گئی اور 11 روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
فالو اَپ معائنے کے دوران بچے میں دوبارہ کوئی علامات سامنے نہیں آئیں، تاہم سرطان کے معمولی خطرے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے آئندہ 5 سال تک الٹراساؤنڈ اور خون کے مخصوص ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ طبی کیس تحقیقی جریدے ’کیس رپورٹس اِن پیڈیاٹرکس‘ میں شائع کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ