ایس ایم ایز کو سہولتوں کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، وزیراعظم

تصویر سوشل میڈیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز کو قرضوں کی آسان فراہمی سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا، مالی وسائل تک رسائی اور برآمدی مواقع سے استفادے کیلئے ایس ایم ایز کی رہنمائی کی جائے۔
وزیراعظم نے ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے اور ایس ایم ایز کیلئے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کی ہدایت کی۔
انھوں نے کہا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کے علاوہ لیٹرز آف کریڈٹ اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں معاونت کریں، ایس ایم ایز کو قرض فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینکوں کا جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضے دینے کا ہدف حاصل کرنے کا عزم کیا ہے، جون2028 تک قرض لینے والے ایس ایم ایز کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے ایس ایم ایز کیلئے 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی کا ہدف ہے، چار لاکھ 49 ہزار نئے ایس ایم ایز قرض دہندگان کو مالی سہولیات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس موقع پر بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ بینکوں کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کیلئے ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کیے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، ریاض حسین پیرزادہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور گورنر اسٹیٹ بینک شریک ہوئے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ