پاکستان نارویجین سرمایہ کاروں کیلئے ابھرتی ہوئی منڈی ہے، سفیر پاکستان

معاشی سفارتکاری کو آگے بڑھانے اور پاکستان اور ناروے کے درمیان کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سفارت خانے کی فعال کوششوں کے سلسلے میں سفیر پاکستان عاصم علی خان نے ناروے کے علاقے فورنیبو میں منعقدہ نیرنگسلیوس ڈاگین 2026 میں شرکت کی۔
یہ ایک اہم کاروباری کانفرنس ہے جس کا اہتمام بیرم نیرنگسراڈ (بیرم بزنس کونسل) نے کیا تھا۔
بیرم ناروے کے نمایاں کاروباری اور صنعتی مراکز میں سے ایک ہے، جہاں توانائی، ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، انجینئرنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں سے وابستہ بڑی نارویجین اور بین الاقوامی کمپنیوں کا ایک متحرک مرکز موجود ہے۔
بیرم نیرنگسراڈ جدت طرازی، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کاروباری اداروں، مقامی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سفیر پاکستان نے ناروے کے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی اور 'بیرم' کے میئر سے ملاقات کی، جس میں کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کے وسیع امکانات اجاگر کیے۔
انھوں نے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، آف شور (سمندری) توانائی، سمندری صنعتوں، گرین ٹیکنالوجیز اور جدت طرازی کے شعبوں میں پاکستان نارویجین سرمایہ کاروں کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منڈی ہے، جو ہنر مند افرادی قوت اور مسابقتی مواقع فراہم کرتا ہے۔
جبکہ ناروے کی مہارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ پاکستان کی معاشی ترقی اور 'گرین ٹرانزیشن' (ماحول دوست معاشی منتقلی) میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
سفارت خانہ پاکستان، ناروے کی کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے، شراکت داریوں کو سہولت فراہم کرنے اور مشترکہ معاشی مفادات کو تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی فائدہ مند تعاون کے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ