جینسن ہوانگ کو چمڑے کی جیکٹس پہننے پر تنقید کا سامنا کیوں؟

سربراہ اینویڈیا جینسن ہوانگ—فائل فوٹو
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ کو چمڑے کی جیکٹس پہننے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم پیٹا (PETA) نے جینسن ہوانگ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید جدت لانے والے جینسن ہوانگ کا فیشن کے معاملے میں چمڑے کی جیکٹس پر انحصار انہیں ’پتھر کے دور‘ کی سوچ کا حامل ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس تنظیم نے جینسن ہوانگ کو اطالوی فیشن برانڈ ’بینیڈیٹی لائف‘ کی ایک ایسی چمڑے کی جیکٹ بھی بھیجی ہے جو زیتون کے درختوں سے حاصل ہونے والے فضلے سے تیار کردہ مواد سے بنائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹا کی جانب سے اینویڈیا کے سربراہ کو تحفے میں دی گئی جیکٹ کی قیمت 875 ڈالرز ہے۔
جینسن ہوانگ کی اینویڈیا میں واپسی کے بعد ملازمین سے معافی، تھراپی لینے کا بھی انکشاف
تنظیم نے بتایا ہے کہ اس جیکٹ کی تیاری میں کسی جانور کی کھال استعمال نہیں کی گئی بلکہ اس کے بیرونی حصّے میں 95 فیصد بائیوٹیکس اور 5 فیصد پولی یوریتھین شامل ہے اور اس کا اندرونی استر خالص کاٹن سے تیار کیا گیا ہے۔
پیٹا کی صدر ٹریسی ریمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جس طرح ٹیکنالوجی فرسودہ نظاموں کے ساتھ آگے نہیں بڑھتی بالکل ایسے ہی فیشن کو بھی جدت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس مقصد کے لیے اولیو لیدر جیکٹ بالکل موزوں معلوم ہوتی ہے۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کیکٹس، کارک، سیب اور دیگر نباتاتی اجزاء سے تیار کیا ہوا چمڑا استعمال کریں تاکہ جانوروں کی کھال کے استعمال سے بچا جا سکے۔
جینسن ہوانگ کے پاس کتنی چمڑے کی جیکٹس ہیں؟
جینسن ہوانگ اپنی مخصوص سیاہ رنگ کی لیدر جیکٹس کے باعث سیلیکون ویلی کی دیگر معروف ٹیکنالوجی شخصیات سے الگ پہچان رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کے پاس 30 سے 40 لیدر جیکٹس موجود ہیں جن میں معروف فیشن برانڈ ٹام فورڈ کی تقریباً 9 ہزار ڈالرز کی مالیت والی مگرمچھ کی کھال جیسا نقش رکھنے والی جیکٹ بھی شامل ہے۔
جینسن ہوانگ اس سے قبل بتا چکے ہیں کہ ان کے لباس کے انتخاب میں ان کی اہلیہ لوری ہوانگ اور بیٹی کا بھی اہم کردار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ