بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اوسلو: حنا ربانی کھر کی ’ایکوینور آٹم کانفرنس‘ کے اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت

تازہ ترین
اوسلو: حنا ربانی کھر کی ’ایکوینور آٹم کانفرنس‘ کے اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت

پاکستانی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اوسلو میں منعقدہ ’ایکوینور آٹم کانفرنس‘ کے اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت کی۔

اس کانفرنس کا موضوع ’نئی جغرافیائی سیاست اور پرانی حقیقتوں کا خاتمہ‘ تھا۔

مباحثے میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح بین الاقوامی اتحادوں، عالمی تجارت اور معاشی باہمی انحصار کے بارے میں دیرینہ تصورات کو جغرافیائی سیاسی تنازعات، اسٹریٹجک مسابقت اور ابھرتی ہوئی عالمی حقیقتوں کے تناظر میں ازسرنو تشکیل دیا جا رہا ہے۔

یورپین کونسل آن فارن ریلیشنز کے ڈائریکٹر مارک لیونارڈ ممتاز پینلسٹس میں شامل تھے۔ سفیر عاصم علی خان بھی سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر کے ہمراہ اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔

سیاسی، سفارتی، کاروباری اور پالیسی ساز حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شرکاء کی موجودگی میں منعقدہ یہ کانفرنس، بین الاقوامی نظام کے مستقبل پر خیالات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی، ناروے کے وزیر اعظم نے کانفرنس میں کلیدی خطاب کیا۔

کانفرنس میں پاکستان کی شرکت، اہم عالمی مباحثوں میں اس کی شمولیت اور ایک زیادہ پرامن، مستحکم اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے (inclusive) بین الاقوامی نظام کے قیام کے لیے اس کے عزم کی عکاس ہے۔

جغرافیائی سیاسی غیر یقینی کی صورتِ حال کے اس دور میں پاکستان بات چیت اور سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے احترام، تنازعات کے پُرامن حل، کثیر الجہتی تعاون اور ایک کھلے اور منصفانہ عالمی تجارتی نظام کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔

مباحثوں میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ تیزی سے باہم جڑی ہوئی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور اجتماعی ذمے داری پر مبنی بین الاقوامی شراکت داریاں قائم کرنا انتہائی اہم ہے۔

پاکستان امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے تعمیری بین الاقوامی روابط اور مختلف خطوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ