وزیراعظم کی گورنر خیبر پختونخوا کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

تصویر، پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا کو صوبے میں پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کےلیے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کے نفاذ پر وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔
اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو وزیراعظم نے صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کےلیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور خیبر پختونخوا میں سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری کی خصوصی ہدایت کی۔
دوران ملاقات فیصل کریم کنڈی نے شہباز شریف کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ