سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کے 1120 ارب ٹیکس چوری معاملے پر سخت سوالات

سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے داخلہ میں سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے 1120 ارب روپے ٹیکس چوری معاملے پر سخت سوالات اٹھادیے۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سیف اللّٰہ ابڑو نے حکومت حکام سے استفسار کیا کہ وزیراعظم کو اتنے بڑے معاملے کا نوٹس لینا چاہیے، کمیٹی کو بتایا جائے کہ اب تک انکوائری میں کیا پیشرفت ہوئی؟
انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے اب تک کیا اقدامات کیے، وزیراعظم پوچھیں تو کیا جواب دیں گے؟ اتنے بڑے معاملے کو کب تک چھپایا جاسکتا ہے؟
سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم اس معاملے پر متعلقہ حکام سے لازمی پوچھ گچھ کریں گے، این ایچ اے میں ہونے والے معاملات پر ذمے داروں کا تعین ہونا چاہیے۔
انہوں نے حکام کو معاملہ حل کرنے اور رقم ریکور کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ متعلقہ افراد سے رقم ریکور کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔
سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر ریکوری کےلیے کام کرنے کو تیار ہیں، حکام کو خبردار کرتا ہوں، یہ معاملہ آپ کےلیے بدنما داغ بن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے، این سی سی آئی اے اور ایف بی آر بیمار ہیں، چند مافیا کے لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ