پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسد قیصر کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں، وہ اپنے اور بھائی کیلئے عہدے چاہتے ہیں: بیرسٹر سیف

تازہ ترین
اسد قیصر کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں، وہ اپنے اور بھائی کیلئے عہدے چاہتے ہیں: بیرسٹر سیف

سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخو ا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اسد قیصر کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں، وہ اپنے اور بھائی کےلیے عہدے چاہتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ سہیل آفریدی لانگ مارچ کرنا ہی نہیں چاہتے تھے، خیبر پختونخوا حکومت کچھ لوگوں کی نااہلی کی وجہ سے گئی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ راجا ناصر عباس کا سیاست میں کوئی اسٹیٹس نہیں، لگتا ہے محمود اچکزئی ماضی میں بانی کے بیانات کے بدلے اتار رہے ہیں۔

سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت سے بدلہ لے رہے ہیں۔ اسد قیصر کو نیب نوٹس اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ملا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا اعلان کرنے والوں کے دل میں لانگ مارچ کا کوئی ارادہ نہیں تھا، سہیل آفریدی لانگ مارچ کرنا ہی نہیں چاہ رہے تھے۔

بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بڑی پیشرفت تھی جبکہ پارٹی کے کچھ لوگوں نے کوشش کی کہ لطیف کھوسہ کی ملاقات نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر گوہر پر بانی پی ٹی آئی کو اعتماد نہیں ہے۔ اسد قیصر کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں، وہ اپنے لیے اور بھائی کےلیے عہدے چاہتے ہیں۔

سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ایک ایشو اٹھایا اصولی طور پر انہیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے تھا، آپس کی لڑائیوں کی وجہ سے یہ بلاول کے بیان کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر محسن نقوی کی کوشش نہ ہوتی تو بشریٰ بی بی کا علاج نہ ہورہا ہوتا، وفاقی وزیر داخلہ کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ان کو علاج کی سہولتیں میسر ہیں۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم ہونا چاہیے، سندھ میں سوائے چند گروپوں کے بڑا طبقہ نیا صوبہ چاہتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ