سائنسدانوں نے رات کی بینائی متاثر کرنے والی نئی جینیاتی بیماری کا سراغ لگا لیا

علامتی فوٹو
سائنسدانوں نے رات کی بینائی متاثر کرنے والی نئی جینیاتی بیماری کا سراغ لگا لیا، یہ ایک ایسی بیماری ہے جو آہستہ آہستہ نائٹ ویژن کو متاثر کرتی ہے۔
جرنل 'جاما آفتھلمولوجی' میں شائع ہونے والی ایک بین الاقوامی تحقیق کے مطابق محققین نے ایک ایسی نئی جینیاتی بیماری کی نشاندہی کی ہے جو آہستہ آہستہ رات کی بینائی (Night vision) اور اطرافی نظر (Peripheral vision) کو متاثر کرتی ہے۔
یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے پیریلمین اسکول آف میڈیسن سمیت دیگر عالمی اداروں کے ماہرین نے اس عارضے کو 'ای ایف ای ایم پی ون' جین کی ایک مخصوص تبدیلی (p.Arg140Trp) سے منسلک کیا ہے، جسے فی الحال 'ایل او آر ڈی' (L-ORD) کہا جا رہا ہے۔
اسی جین کی ایک دوسری تبدیلی جہاں عموماً آنکھ کے مرکزی حصے (Macula) کو متاثر کرتی ہے، وہیں یہ نئی کیفیت ریٹینا (Retina) کے بیرونی کناروں سے شروع ہوتی ہے۔
اس وجہ سے متاثرہ افراد کی مرکزی بینائی طویل عرصے تک معمول کے مطابق رہتی ہے، جبکہ غروبِ آفتاب یا تاریکی میں دیکھنے اور اطراف کی چیزوں کو بھانپنے میں دشواری پیدا ہونے لگتی ہے۔
تحقیق کے مطابق روشنی سے اندھیرے میں جانے پر آنکھ کے روشنی محسوس کرنے والے 'روڈ' (Rod) خلیات کو معمول پر آنے میں غیر معمولی وقت لگتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کارکردگی کی تبدیلی اس وقت بھی سامنے آ سکتی ہے جب ریٹینا کی ساخت ظاہری طور پر بالکل سلامت نظر آ رہی ہو، یوں خلیات کے ضائع ہونے سے پہلے ہی خطرے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
اس معاملے کی کھوج کا آغاز 1998ء میں امریکہ کے ایک خاندان میں بینائی کی غیر معمولی کمی کے مشاہدے سے ہوا، جس کے بعد یورپ کے مختلف ممالک کے خاندانوں میں بھی اسی نوعیت کی علامات کا جینیاتی ربط سامنے آیا۔
محققین کے مطابق اگرچہ اس جینیاتی تبدیلی کے پھیلاؤ کا درست اعداد و شمار جاننے کے لیے مزید بڑی تحقیقات درکار ہیں، تاہم ایسے نادر جینیاتی عوارض کا مطالعہ بڑھتی عمر کے ساتھ لاحق ہونے والی عام ریٹینل بیماریوں کے حیاتیاتی عوامل کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ