اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

رضا ربانی کی ریفرنڈم معاملے پر وزراء کے طرز عمل کی مذمت

تازہ ترین
رضا ربانی کی ریفرنڈم معاملے پر وزراء کے طرز عمل کی مذمت

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ریفرنڈم معاملے پر وفاقی وزراء کے مخصوص گروپ کے طرز عمل کی مذمت کی ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ ریفرنڈم آرٹیکل 239/4 میں صوبائی حدود میں تبدیلی کے وضع کردہ طریقہ کار کا متبادل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروپ کے طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں، کہا جارہا ہے کہ ریفرنڈم کے نتائج حق میں آئے تو انہیں عدالت میں توثیق کےلیے پیش کیا جائے گا۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ایسا کرنا پارلیمان کی خودمختاری مجروح کرنے کے مترادف ہوگا، ایسا کرنا صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن کے مترادف ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کوئی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کرسکتی جواس میں موجود نہ ہو، کوئی عدالت نہ ہی آئین کو ازسرِنو تحریر کرسکتی ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ کوئی عدالت ایسا کرتی ہے تو یہ آئینی طریقہ کار اور صوبائی اسمبلی کے آئینی حق کو مجروح کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا اقدام آئینِ پاکستان کے بنیادی اصول کو تبدیل کرنے کے مترادف ہوگا، بتایا جائے کہ کیا ہمارا موجودہ نظام اس نوعیت کے انحراف کا متحمل ہوسکتا ہے؟

بشکریہ روزنامہ جنگ