ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سلطان اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کی لگاتار دوسری فتح

تازہ ترین
سلطان اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کی لگاتار دوسری فتح

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ایک اور فتح اپنے نام کرلی، ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں امریکا کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے اپنا دوسرا میچ امریکا کے خلاف کھیلا، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کیا۔

پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی، پاکستان کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز دوسرے کوارٹر میں ہوا، جب اٹھارہویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے گول کیا، 21ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری دُگنی کردی۔

کھیل کے تیسرے کوارٹر میں امریکا کے سیکائی نے گول کرکے مقابلہ دو ایک کیا، فوراً ہی محمد عماد نے گول کرکے اسکور 3-1 کردیا۔

کھیل کے آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم مزید 2 گول کرنے میں کامیاب ہوئی، جو 46ویں منٹ میں ابو محمد اور 58ویں منٹ میں حنان شاہد نے اسکور کیے، یوں پاکستان نے 5-1 سے میچ اپنے نام کیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ