چین: کینسر کی مریض طالبہ کی موت سے 2 روز قبل آخری خواہش پوری

چین کے صوبے گوئی ژو میں خون کے سرطان میں مبتلا 18 سالہ طالبہ یاؤ ینگ بے کی وفات سے 2 روز قبل آخری خواہش پوری کر دی گئی جہاں طالبہ نے اسپتال میں اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ زندگی کا آخری سبق پڑھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یاؤ ینگ بے سیکنڈری اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ تھی، اسے 5 سال قبل خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی جس کے باعث علاج اور بیماری کی شدت کی وجہ سے اس کی تعلیم بار بار متاثر ہوئی۔
والدین نے اس کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کی، حتیٰ کہ چھوٹی بہن کے خون سے اسٹیم سیل کی پیوند کاری بھی کروائی گئی جس کے بعد اس کی طبیعت میں بہتری آئی اور طالبہ وقفے وقفے سے اسکول جانے لگی تاہم 3 ماہ قبل بیماری دوبارہ لوٹ آئی، مختلف اسپتالوں میں علاج کے باوجود صحت یابی کی امید کم ہونے پر والدین اسے آبائی شہر کے اسپتال لے آئے۔
اس دوران اساتذہ اور ہم جماعت روزانہ باری باری اس کی عیادت کے لیے آتے رہے، زندگی کے آخری ہفتے میں یاؤ ینگ بے نے اپنی استاد سے خواہش ظاہر کی کہ میں ایک مرتبہ پھر اپنے دوستوں کے ساتھ کلاس میں بیٹھ کر سبق پڑھنا چاہتی ہوں۔
کینسر میں مبتلا 6سالہ بچی کی خواہش پوری
طالبہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے اسکول کے سربراہ اور اساتذہ نے اسپتال میں خصوصی کلاس کا انتظام کیا، اسپتال کے ایک حصے کو عارضی جماعت میں تبدیل کیا گیا جسے ٹیڈی بیئرز اور غباروں سے سجایا بھی گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس روز انگریزی کی استاد نے آثارِ قدیمہ اور عجائب گھر سے متعلق سبق پڑھایا جبکہ طلبہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ معمول کی کلاس کی طرح ہی رویہ رکھیں۔
شدید بخار، ہڈیوں میں درد اور بار بار ناک سے خون آنے کے باوجود یاؤ ینگ بے اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ سبق دہراتی رہی اور اسی حالت میں اپنی آخری خواہش پوری کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خوشی کے صرف 2 دن بعد 7 نومبر کو یاؤ ینگ بے بیماری کے سبب چل بسی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ