ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کرکٹ آسٹریلیا کا پیٹ کمنز کی کپتانی پر مکمل اعتماد کا اظہار

تازہ ترین
کرکٹ آسٹریلیا کا پیٹ کمنز کی کپتانی پر مکمل اعتماد کا اظہار

پیٹ کمنز— فائل فوٹو

کرکٹ آسٹریلیا نے کپتان پیٹ کمنز کی کپتانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔

پیٹ کمنز کو آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کی قیاس آرائیوں پر آسٹریلوی بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پیٹ کمنز کی بطور کپتان متفقہ حمایت کی گئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کی پیٹ کمنز سے اجلاس سے قبل ملاقات ہوئی جس میں مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز اور آسٹریلوی ٹیم کے دیگر لیڈرز نے گزشتہ 8 سال میں ٹیم کے کلچر کو فروغ دیا، 2018ء کے جنوبی افریقا دورے کے واقعات سے متاثر تمام افراد کے لیے تشویش ہے، اس دورے کے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے آزاد فورم قائم کر دیا گیا ہے۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بیانات کے بعد وسیم اکرم نے کیا کہا؟

ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کو آزاد فورم میں اپنے تجربات بیان کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ آزاد فورم میں مشکل گفتگو ہو گی لیکن یہ وقت کی ضرورت ہے، آزاد فورم کی کارروائی میں 100 فیصد حصہ لوں گا، آسٹریلیا کی کپتانی بہت بڑی ذمے داری ہے جسے کبھی معمولی نہیں سمجھا۔

پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو نے مجھ سے رابطہ کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ مارچ 2018ء میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: جوش ہیزل ووڈ کپتان پیٹ کمنز کی حمایت میں سامنے آ گئے

اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1 سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

حال ہی میں عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ