سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات سے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات اور سیاسی طریقے سے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں۔
بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا اور سیٹیں لی گئیں۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی، ذاتی معالج اور اہلخانہ سے ملاقات ہمارا بنیادی مطالبہ ہے، سپریم کورٹ کا 18 اگست کا فیصلہ تاحال عمل درآمد کا منتظر ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو غیرقانونی حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پشاور ہائیکورٹ نے حبسِ بےجا کیس لارجر بینچ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لوگوں کو ضمانت ملنے کے باوجود حراست میں رکھنا انصاف کا قتل ہے، ذاتی مفادات اور انا کی خاطر لوگوں کو جیلوں میں رکھنا جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور اسپیکر حبسِ بےجا میں ہیں، جنید اکبر اور ڈاکٹر امجد کو اٹھائے جانے کے بعد تاحال ان کے بارے میں معلومات نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ