پاکستانی خلا باز پہلی بار چینی خلائی اسٹیشن کے شینژو-24 مشن میں شامل ہوگا

پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن کے شینژو-24 مشن میں شامل ہوگا، چین نے تاحال اس مشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
چینی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز رواں سال شینژو-24 مشن کے تحت چین کے خلائی اسٹیشن کا حصہ بنے گا۔
یہ پیش رفت بیجنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کا حصہ ہے۔
سپارکو نے پاک ایس بی اے ایس متعارف کرا دیا، تھل ڈیزرٹ ریلی محفوظ بنانے میں معاون
چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ (خلائی تجربات اور آلات کی نگرانی کرنے والے ماہر) کی حیثیت سے خدمات انجام دے گا۔
چین نے تاحال پاکستانی خلا باز کے نام کا اعلان نہیں کیا تاہم، پاکستانی خلائی ادارے کے ایک عہدیدار نے ستمبر میں خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ پاکستانی پائلٹس ذیشان علی اور خرم داؤد بیجنگ میں قائم چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کئی ماہ سے اس مشن کے لیے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق مدار میں مختصر مدت کی خلائی پرواز مکمل کرنے کے بعد پاکستانی خلا باز شینژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
یہ پیش رفت چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی، جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز بیک وقت شرکت کریں گے۔
اسے بیجنگ کی خلائی سفارت کاری کے سلسلے میں بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ