ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے سوڈانی ہم منصب کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

تازہ ترین
وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے سوڈانی ہم منصب کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیرِ داخلہ نے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

سوڈان کے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ میرا ملک سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

پاکستان کا سوڈان سے بھی 1.5 ارب کا دفاعی معاہدہ جلد

انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو کے عمل میں تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، نادرا کے تعاون سے سوڈان میں شہریت، شناختی کارڈز، پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں، سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھی تعاون کے لیے نادرا ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

وزیرِ داخلہ نے متعلقہ حکام کو پاکستان میں شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں اور انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ