ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

کاروبار کیلئے بھارت جانیوالا امریکی شہری ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا

تازہ ترین
کاروبار کیلئے بھارت جانیوالا امریکی شہری ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا

امریکی شہری مچلس برائن لی—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

کاروباری کیلئے بھارت جانے والا امریکی شہری ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔

بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے گچی باؤلی میں واقع مجی ہوٹل کے ایک کمرے سے 41 سالہ امریکی شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گچی باؤلی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے امریکی شہری کی موت کے حالات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بھارتی پائلٹ دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں مردہ پایا گیا

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے امریکی شہری کی شناخت مچلس برائن لی کے نام سے ہوئی ہے، جو ریاست کیلیفورنیا کا رہائشی تھا۔

وہ 2 نومبر کو اپنے کاروباری شراکت دار ڈیوڈ کے ہمراہ کاروباری دورے پر حیدرآباد پہنچا تھا اور دونوں ہوٹل میں مقیم تھے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مچلس برائن لی نے 4 نومبر کی شام سے فون کالز کا جواب دینا بند کردیا تھا، بعدازاں 5 نومبر کو شام تقریباً ساڑھے 6 بجے ہوٹل کے ملازمین نے ماسٹر کی کے ذریعے کمرہ کھولا تو امریکی شہری بستر پر بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عملے نے فوری طور پر ایمرجنسی ایمبولینس سروس 108 کو اطلاع دی، اطلاع ملنے پر طبی عملہ ہوٹل پہنچا اور معائنے کے بعد مچلس برائن لی کی موت کی تصدیق کر دی۔

ہوٹل انتظامیہ کی اطلاع پر گچی باؤلی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوع کا معائنہ کیا اور مقدمہ درج کر لیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ