ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

اسلام آباد ہائیکورٹ: پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے انتخابات غیر قانونی قرار

تازہ ترین
اسلام آباد ہائیکورٹ: پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے انتخابات غیر قانونی قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے 24 اکتوبر 2025ء کے انتخابات کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدالتِ عالیہ کے حکم کے مطابق پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے انتخابات 90 روز میں کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کا الیکشن کمیشن اپنے آئین کے رول 17 کے مطابق نئے انتخابات کرائے اور انتخابی شیڈول کے اعلان سے نتائج کے اعلان تک کا تمام عمل 90 دن میں مکمل کیا جائے۔

بیڈمنٹن کھلاڑی مراد پر دو سال کی پابندی، پلوشا سے وضاحت طلب

عدالت نے انتخابی عمل مکمل ہونے تک ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈہاک کمیٹی وفاقی وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کی جائے اور اس میں ڈائریکٹر نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کو بطور ممبر شامل کیا جائے۔

نئی ایڈہاک کمیٹی میں پنجاب، خیبر پختون خوا، سندھ اور بلوچستان سے بھی ایک ایک سابق بیڈمنٹن چیمپئن کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کی نئی باڈی کے چارج سنبھالنے تک ایڈہاک کمیٹی روز مرہ امور چلائے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ