ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

ڈبلن میں بم کی اطلاع پر سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے دفاتر خالی کروالیے گئے

تازہ ترین
ڈبلن میں بم کی اطلاع پر سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے دفاتر خالی کروالیے گئے

فوٹو: رائٹرز

آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں بم کی اطلاع پر سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے دفاتر خالی کروالیے گئے، میڈیا ہاؤسز کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

یورپ میں مسافر پروازوں کو متاثر کرنے والی جعلی بم دھمکیوں کی لہر کے دوران جمعے کو آئرلینڈ اور بلغاریہ کے میڈیا اداروں کو بھی ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جبکہ برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نے بھی سیکیورٹی خطرے کی اطلاع دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بلغاریہ کے ٹی وی چینل نووا ٹی وی اور آئرلینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی ای کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئیں، آر ٹی ای نے دھمکی کے بعد اپنے دفاتر خالی کروا لیے اور نشریات عارضی طور پر معطل کر دیں۔

بعد ازاں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے تمام دفاتر کلیئر قرار دیے، بم کی اطلاعات جھوٹی نکلنے کے بعد میڈیا دفاتر اور چینلز کی نشریات معمول کے مطابق بحال کردی گئیں۔

اس سے قبل منگل کو تقریباً نصف درجن اور جمعرات کو دو درجن سے زائد پروازیں کسی نہ کسی طرح متاثر ہوئیں۔ بعض طیاروں کو غیر طے شدہ مقامات پر اتارنا پڑا، جبکہ کچھ کو لڑاکا طیاروں نے اپنی منزل تک حفاظتی حصار میں پہنچایا۔

اس دوران ہنگری کے لڑاکا طیاروں نے برسلز سے صوفیہ، پراگ سے بخارسٹ اور قبرص جانے والے مسافر طیاروں کو ہنگری کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے حفاظتی حصار فراہم کیا۔

ہنگری کے وزیر دفاع رومولوس روسین زیندی نے بتایا کہ نیٹو نے علاقے میں بعض فضائی گشت کے احکامات دیے تھے۔ یہ پہلا موقع تھا جب مغربی دفاعی اتحاد کی اس معاملے میں شمولیت کی اطلاع سامنے آئی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ