کولکتہ: سوشل میڈیا ریل بنانے کیلئے شہری پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی

فوٹو: بھارتی میڈیا
بھارتی شہر کولکتہ میں سوشل میڈیا کیلئے ریل بنانے کی غرض سے ایک شخص کو مبینہ طور پر پیٹرول پلانے اور پھر آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں متاثرہ شخص جھلس کر زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 27 اکتوبر کو کولکتہ کے علاقے گڑفا میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کام سے گھر واپس جا رہا تھا کہ ملزمان اسے ہالٹو کے علاقے میں ایک تالاب کے قریب لے گئے۔
ملزمان نے مبینہ طور پر کھیل کھیلنے کے بہانے اس کے سر پر ہیلمٹ پہنایا اور آنکھوں پر پٹی باندھ دی، جس کے بعد اسے بار بار تھپڑ مارے۔ متاثرہ شخص نے جب ہیلمٹ اتارا تو ملزمان نے اسے پیٹرول پلانے کی کوشش کی۔
نئی دہلی: گھریلو ملازم نے ڈانٹنے پر مالکن اور اس کے بیٹے کو قتل کردیا
مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اس کے جسم پر پیٹرول چھڑک کر جلتی ہوئی ماچس پھینک دی، جس سے اس کے کپڑوں میں آگ لگ گئی۔ متاثرہ شخص نے بھاگ کر اور جلتے ہوئے کپڑے اتار کر اپنی جان بچائی۔ مقامی افراد نے اسے اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ریل بنانے اور اپ لوڈ کرنے کے ارادے سے ریکارڈ کی تھی۔
پولیس نے مرکزی ملزم ارگھیا ساہا سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دو کم عمر لڑکوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ