جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

پروازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات کا سلسلہ آسٹریلیا تک پہنچ گیا

تازہ ترین
پروازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات کا سلسلہ آسٹریلیا تک پہنچ گیا

فائل فوٹو۔

یورپ کے بعد پروازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات کا سلسلہ اسٹریلیا تک پہنچ گیا ہے۔ ٹوکیو سے سڈنی کی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر آسٹریلیا کے سڈنی ایئر پورٹ پر ہنگامی سیکیورٹی نافذ کی گئی۔

جاپان کی آل نپون ایئر ویز کی پرواز NH-889 ٹوکیو کے ہانیڈا ایئر پورٹ سے سڈنی پہنچی تو کنگس فورڈ اسمتھ ایئر پورٹ پر سیکیورٹی اداروں نے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے کو گھیرے میں لے لیا۔

پرواز کو فوراً رن وے کے ایک الگ تھلگ حصے میں بھیج دیا گیا۔ مسافروں کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک طیارے کے اندر ہی روکے رکھا گیا اور پھر جب انہیں باہر نکالا گیا تو آسٹریلین فیڈرل پولیس کے مسلح اہلکاروں نے مسافروں کو ایک لائن میں کھڑا کر دیا۔

تمام مسافروں کا سامان فرش پر رکھوایا گیا اور بم ٹیسٹ کرنے والے کھوجی کتوں کے ذریعے تمام بیگز اور طیارے کی تلاشی لی گئی۔ سیکیورٹی پروٹوکول کی وجہ سے مسافروں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔

حکام کے مطابق طیارے یا سامان سے کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔ تلاشی مکمل ہونے کے بعد ایئر پورٹ کو کلیئر کیا گیا۔ آسٹریلوی پولیس نے مکمل تلاشی اور تفتیش کے بعد موصول بم کی اطلاع کو جھوٹی یا اسے دھمکی قرار دیا۔

اگرچہ یہ آسٹریلیا یا سڈنی کا پہلا واقعہ ہے مگر دنیا کے دیگر حصوں خاص طور پر یورپ میں مسافر طیاروں کو جھوٹی دھمکیاں دینے کا ایک پورا سلسلہ ایک ہفتے سے چل رہا ہے۔

یورپ میں گزشتہ چند دنوں کے اندر تقریباً 30 پروازوں کو ایسی ہی بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے کئی طیاروں کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور اب یہ سلسلہ آسٹریلیا تک بھی پہنچ گیا ہے۔

حکام فی الحال یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان عالمی جھوٹی دھمکیوں کے پیچھے کون ملوث ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ