مکہ مکرمہ کے اوپر حوثی ملیشیا کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون روک کر تباہ کردیا گیا، سعودی فوجی اتحاد

فوٹو: سعودی میڈیا
سعودی فوجی اتحاد نے مکہ مکرمہ کے اوپر حوثی ملیشیا کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون تباہ کردیا گیا۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق مکہ مکرمہ کے اوپر حوثی ملیشیا کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون روک کر تباہ کردیا گیا۔
ترجمان نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے نجران کی طرف داغے گئے 2 میزائل مار گرائے گئے۔ میزائلوں کے ملبے سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور رہائشیوں کو محتاط و پرسکون رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
سعودی افواج نے مشرقی خطے کے اوپر ڈرون کو تباہ کردیا
محکمہ شہری دفاع کے مطابق خطرے کی صورت میں فوری طور پر قریبی محفوظ مقام، ترجیحاً کسی عمارت یا اندرونی کمرے میں پناہ لی جائے اور کھڑکیوں سے دور رہا جائے۔ خطرہ ٹلنے تک محفوظ مقام پر ہی قیام کیا جائے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، بالکونیوں اور چھتوں پر کھڑے ہونے سے گریز کریں اور کھلی جگہوں، کھڑکیوں یا شیشوں کے قریب نہ جائیں۔ باہر موجود افراد کو قریبی عمارت میں پناہ لینے یا کسی مضبوط رکاوٹ کے پیچھے محفوظ مقام اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گاڑی چلاتے ہوئے ہنگامی انتباہ موصول ہونے کی صورت میں ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی کہ وہ محفوظ طریقے سے گاڑی سڑک کے کنارے روکیں اور پلوں یا بلند عمارتوں کے قریب رکنے سے گریز کریں۔
محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں، ان کے ملبے یا گرنے کے مقامات کی ویڈیوز بنانا، تصاویر یا معلومات شائع کرنا اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ