اختیارات کیلئے لڑیں گے، فائل پھینک کر نہیں جائیں گے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن---فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اسکول کا افتتاح کر دیا۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یہاں سرکاری اسکول کا تصور ہی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوگ مجبور ہو کر نجی اسکولوں کا رخ کرتے ہیں، تاہم نجی تعلیمی اداروں میں بھی درجہ بندی موجود ہے، جس کے باعث متوسط طبقہ پس کر رہ گیا ہے، اچھی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پورے کراچی میں تعلیم کارڈ جاری کریں گے: حافظ نعیم الرحمٰن
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ عوام سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے لیکن انہیں سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں، ریاست اگر اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہی تو یہ جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ اختیارات کے حصول کے لیے لڑیں گے، فائل پھینک کر نہیں جائیں گے، ہمارے دوست بھی ہمارے کاموں سے پریشان ہیں اور روز پوچھتے ہیں کہ ہم یہ کام کیسے کر رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ