منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

ڈراؤنے خواب آنے پر 20 دن بعد ملزم نے دوست کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

تازہ ترین
ڈراؤنے خواب آنے پر 20 دن بعد ملزم نے دوست کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

بھارت میں ایک شخص نے طیش میں آ کر اپنے دوست کو قتل کر دیا، لیکن 20 دن بعد ڈراؤنے خواب آنے پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

واقعہ 9 اکتوبر کو ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا، وشال کدم اور پربھو قریبی دوست تھے۔ ایک رات جب وہ دونوں مل کر شراب پی رہے تھے، ان کے درمیان ایک معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا۔ پربھو نے وشال پر لاتوں اور گھونسوں کی برسات کر دی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔

اس حادثے سے گھبرا کر پربھو نے مدد کے لیے اپنے مکان مالک سے رابطہ کیا۔ دونوں نے مل کر وشال کی لاش کو ایک بورے میں ڈال کر نالے کے قریب ایک ویران جگہ پر پھینک دیا۔

پربھو نے سوچا کہ وہ اس قتل کی سزا سے بچ گیا ہے، لیکن ایک اور خوف اس کا منتظر تھا، اپنے دوست کے ڈراؤنے خواب۔ قتل کے بعد 20 راتوں تک پربھو سو نہیں سکا کیونکہ اس کا دوست اس کے خوابوں میں آتا تھا۔ خوف اور پچھتاوے کا شکار ہو کر پربھو نے تھانے پولیس کے پاس جا کر اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پربھو نے ابتدا میں قتل کے بعد شہر سے بھاگنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن مسلسل آنے والے خوفناک خوابوں نے بالآخر اسے خود کو پولیس کے حوالے کرنے پر مجبور کر دیا۔

پولیس نے پربھو کے ساتھ ساتھ لاش کو ٹھکانے لگانے اور ثبوت چھپانے میں مدد کرنے پر اس کے مکان مالک کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا۔

پولیس اب اس قتل کے اصل مقصد اور اس جرم میں مکان مالک کے کردار کی جانچ کر رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ