نایاب پوکیمون کارڈز نے برطانوی شہری کو کروڑ پتی بنا دیا

برطانیہ کے ایک ریٹائرڈ شہری نے برسوں سے گھر میں پڑے ہوئے نایاب پوکیمون کارڈز فروخت کرکے کروڑوں روپے کما لیے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہری نے اپنے بیٹے کا شوق پورا کرنے کے لیے 1999ء میں پوکیمون کارڈز جمع کرنا شروع کیے تھے جو کہ تقریباً 15 سال تک گھر کی اٹاری (چھت کے نیچے بنے حصے) میں محفوظ رہے۔
انہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے ان کارڈز کی غیر معمولی قیمت کا علم اس وقت ہوا جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ ایک جوڑے نے نایاب پوکیمون کارڈز فروخت کر کے اپنی شادی کے اخراجات پورے کیے تھے۔
پسند کی شادی کے خواہشمند افراد کیلئے فن لینڈ کا انوکھا اقدام
برطانوی شہری نے بتایا کہ یہ خبر پڑھنے کے بعد میں نے اپنی پوکیمون کلیکشن کی مالیت معلوم کرنے کے لیے نیلام گھر ایوبینک آکشنز سے رابطہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نیلام گھر کی ٹیم کو یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ میرے پاس پوکیمون کارڈز کے 42 مکمل سیٹ موجود ہیں۔
برطانوی شہری نے بتایا کہ میں نے 41 سیٹ فروخت کیے اور ایک سیٹ اپنے پاس ہی رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کلیکشن نیلام گھر میں ’پوکیمون: اے ڈیکیڈ آف ماسٹرز (2009ء-1999ء)‘ کے نام سے پیش کی گئی، جس میں کئی انتہائی نایاب کارڈز شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کلیکشن کو مختلف کلیکٹرز، یوٹیوبرز اور دیگر خریداروں نے مجموعی طور پر 20 لاکھ ڈالرز سے زائد میں خریدا۔
نیلام گھر کے ٹریڈنگ کارڈز کے سربراہ جیمز اسپونر کے مطابق کلیکشن کی وسعت اور کارڈز کی بہترین حالت نے ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔
شادی کی پیشکش کا منفرد انداز، امریکی شہری نے دریاؤں سے سونا تلاش کر کے محبوبہ کیلئے انگوٹھی بنوائی
رپورٹ کے مطابق کلیکشن میں شامل نمایاں ترین اشیاء میں ’لیجنڈری کلیکشن کمپلیٹ ماسٹر سیٹ‘ بھی تھا، جس میں 110 عام کارڈز، 110 ریورس ہولو فائر ورک کارڈز اور 4 باکس ٹاپرز شامل تھے۔
اس کے علاوہ ’اسکائی رج چارزارڈ‘ کارڈ بھی توجہ کا مرکز بنا، جسے شہری نے ابتداء میں تقریباً 400 ڈالرز میں خریدا تھا، تاہم نیلامی میں اس کی قیمت بڑھ کر تقریباً 1 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ