فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی ہے۔
فیلڈ مارشل ملائیشیا کے سرکاری دورہ پر ہیں، انہوں نے ملاقات میں جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کےلیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، ملائیشین وزیراعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔
ملائیشین وزیراعظم نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا دورہ بھی کریں گے، فیلڈ مارشل کو ادارے کے ممتاز ہال آف فیم کے 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ