منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

ایران کی امریکا کو سخت اور وسیع تر جوابی کارروائی کی وارننگ

تازہ ترین
ایران کی امریکا کو سخت اور وسیع تر جوابی کارروائی کی وارننگ

ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا---فائل فوٹو

ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئی جارحیت کا فوری اور پہلے سے زیادہ سخت اور وسیع پیمانے پر جواب دیا جائے گا، ممکنہ جنگ کا دائرہ مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہے گا۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا جواب ماضی کے مقابلے میں زیادہ سخت اور وسیع ہو گا۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر دوبارہ جنگ چھڑی تو تنازع کا جغرافیہ صرف مغربی ایشیاء تک محدود نہیں رہے گا۔

امریکی صدر نے ایران کیخلاف نئی مہم جوئی کی تو جنگ کا دائرہ وسیع ہوجائے گا، ترجمان ایرانی فوج

محمد اکرمینیا کے مطابق ایرانی مسلح افواج اپنے اہداف کی فہرست کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہیں تاکہ دشمن کے تمام ممکنہ اثاثوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ نئی جنگ کی صورت میں امریکی تنصیبات، فوجی ساز و سامان، اہلکار اور مفادات دنیا کے کسی بھی ایسے مقام پر نشانے پر آ سکتے ہیں جو ایرانی حملوں کی حدود میں ہو۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ دشمن عناصر نے شمالی عراق کے کرد علاقے میں حکومت مخالف گروہوں کو مسلح کر کے ایران کی مغربی سرحدوں پر زمینی محاذ کھولنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی فوجی دستوں کی تعیناتی اور ان گروہوں کے ٹھکانوں پر پیشگی کارروائیوں کے ذریعے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ