وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے: بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر علی خان---فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ یہ عجیب منطق ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔
پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے بھجوا دیا ہے، ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جو سب کے لیے یکساں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ملاقات اور علاج کا مطالبہ تھا، لیکن عدالتی فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا گیا، سیاسی انتقام کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اور ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔
بیرسٹر سیف کے تمام دعوے جھوٹے ہیں، مسترد کرتا ہوں: بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وکیل کی بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا، سلمان صفدر کی بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات میں مقدمات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کی باتیں کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہمیں کب ملاقات کی پیشکش کی گئی؟ ہم آج بھی ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ ہونے چاہئیں، ہم نے کبھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ