منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

امریکی سینیٹ امیدوار عبدالسید کی انتخابی مہم کو 1 دن میں 24 لاکھ ڈالرز کے ریکارڈ عطیات

تازہ ترین
امریکی سینیٹ امیدوار عبدالسید کی انتخابی مہم کو 1 دن میں 24 لاکھ ڈالرز کے ریکارڈ عطیات

عبدالسید---فائل فوٹو

امریکی ریاست مشی گن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹ کے امیدوار عبدالسید کی انتخابی مہم کو اتوار کے روز 24 لاکھ ڈالرز سے زائد کے ریکارڈ عطیات موصول ہوئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے مطابق انتخابی مہم کو 65 ہزار سے زائد افراد نے عطیات دیے جن کی اوسط رقم تقریباً 36 ڈالرز فی عطیہ رہی، ان میں 29 ہزار سے زائد افراد ایسے تھے جنہوں نے پہلی مرتبہ عطیہ دیا۔

عطیات میں غیر معمولی اضافہ اس وقت سامنے آیا جب ڈیمو کریٹک رکنِ کانگریس ہیلی اسٹیونز نے اچانک ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

امریکا میں مسلم مخالف نفرت انگیز مہم میں تیزی، صدارتی امیدوار عبدالسید نشانے پر

ہیلی اسٹیونز اگست میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے داخلی انتخابات میں عبدالسید سے معمولی فرق سے ہار گئی تھیں، ہیلی کے حالیہ فیصلے پر پارٹی کے کئی رہنماؤں نے سخت تنقید کی ہے۔

عبدالسید کی انتخابی مہم کے ترجمان کول ووزنیاک نے کہا ہےکہ ریکارڈ عطیات عوام میں عبدالسید کی تحریک کے لیے بڑھتے ہوئے جوش اور روایتی سیاست سے بیزاری کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عطیات کی رقم انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں ریاست کے ہر علاقے تک عبدالسید کا پیغام پہنچانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

مشی گن کی سینیٹ کی نشست کے لیے دونوں جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے جبکہ اس نشست کے نتائج امریکی سینیٹ میں اکثریت کے تعین میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ