نیپال: دورانِ لینڈنگ 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، 1 غیر ملکی ہلاک

نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب بلند پہاڑی علاقے میں لینڈنگ کے دوران 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
نیپالی حکام کے مطابق حادثے میں 1 غیر ملکی شہری ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا، لاش اور زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نیپالی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ دارالحکومت کٹھمنڈو سے تقریباً 250 کلو میٹر دور ضلع سولکھمبو کے ایک ہیلی پیڈ پر پیش آیا۔
واقعے کی مبینہ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارت: اتر اکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر گیا، 6 یاتریوں کی ہلاکت کا خدشہ
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لینڈنگ سے چند لمحے قبل دونوں ہیلی کاپٹروں کے روٹرز (پنکھے) آپس میں ٹکرا گئے، جس کے بعد دونوں ہیلی کاپٹر زمین پر جا گرے۔
خیال رہے کہ نیپال میں چھوٹے ہیلی کاپٹر سیاحوں، کوہ پیماؤں اور ضروری سامان کی نقل و حمل کے علاوہ ہنگامی انخلاء کے لیے بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ