امریکی مڈ ٹرم الیکشن: اتحادی ممالک کو ممکنہ شکست پر ٹرمپ کے نیٹو پر دباؤ بڑھانے کے خدشات

یورپی نیٹو اتحادیوں کو خدشہ ہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تو ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو پر دباؤ بڑھا سکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ویب سائٹ پولیٹیکو سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹو کے 5 سفارت کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکی کانگریس کی جانب سے ٹرمپ کے داخلی ایجنڈے پر ممکنہ قدغنیں انہیں خارجہ پالیسی کے محاذ پر زیادہ سخت اقدامات کرنے کی طرف مائل کر سکتی ہیں۔
سفارت کاروں کے مطابق ٹرمپ یورپ سے مزید ہزاروں امریکی فوجی واپس بلا سکتے ہیں، اس حوالے سے یورپ میں تعینات امریکی افواج کا جائزہ دسمبر تک متوقع ہے۔
ٹرمپ نے مڈ ٹرم الیکشن کے بعد ایران پر دوبارہ حملوں کا امکان مسترد کر دیا
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نیٹو کے مشترکہ فنڈز میں امریکی مالی تعاون بھی کم کر سکتے ہیں، یوکرین کے لیے نیٹو کی حمایت یافتہ اسلحہ خریداری کی اسکیم پرل (PURL) پر پابندیاں عائد کر سکتے ہیں یا روس کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کر سکتے ہیں۔
نیٹو کی سابق عہدیدار اور رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ (آر یو ایس آئی) کی ممتاز محقق اونا لونگسکو نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کو یوکرین کے لیے امریکا کے حمایت یافتہ امن معاہدے کو یورپی ممالک کی جانب سے قبول کیے جانے سے مشروط کر سکتا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی معاون پریس سیکریٹری اولیویا ویلز نے ٹرمپ کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے پولیٹیکو کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے نیٹو کے لیے کسی بھی دوسرے شخص سے زیادہ کام کیا ہے۔
انہوں نے اپنے مؤقف کی تائید میں نیٹو اتحادیوں کے دفاعی اخراجات بڑھانے پر اتفاق اور یوکرین میں روس کی جنگ ختم کرانے کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کا حوالہ دیا، تاہم ایران جنگ کے معاملے پر اتحادی ممالک سے متعلق ٹرمپ کی تنقید بھی دہرائی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ