قطر اور پاکستانی ثالثین شرائط پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں، ایران

فائل فوٹو
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ قطری اور پاکستانی ثالثین ایرانی شرائط پر اپنی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر کے پیغام کا اعلیٰ سطح کے اجلاس میں محتاط جائزہ اور تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، وینس کے پیغام کے پیچھے اگر ایندھن کی تقسیم کا مقصد ہے تو یہ امریکا کی سابقہ غلطیوں کے ساتھ ایک اور غلطی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی فریق کی وسیع مکالمے کی کوشش کو مثبت قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے، ایرانی شرائط کے تسلیم ہوتے ہی براہ راست یا بالواسطہ مذاکرات کا فیصلہ کریں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا دشمن کی کسی بھی دھمکی کا فوری اور پھرپور جواب دینے کا حکم
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ حالیہ صورتحال میں امریکا کے ساتھ ملاقات کی ضرورت نہیں سمجھتے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ خارج از امکان نہیں، ہر صورتحال کے لئے تیار ہیں، لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طے کردہ نئے شپنگ روٹس تسلیم کیے جانے اور دیگر روٹس بند کرنے کی شرط پر ہرمز کھولنے کے لیے غور کر سکتے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ قطر نے ایرانی سات روزہ تجویز کو کم کرکے پانچ روزہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے، ہم ایک تجویز پر پہنچے ہیں جس میں عملدرآمد کا دورانیہ 2 روزہ کردیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ