سری لنکن کرکٹر کمار سنگاکارا کا آئرش ایئر لائن پر نسل پرستی کا الزام

کمار سنگاکارا ---فائل فوٹو
سری لنکا کے سابق کپتان اور معروف کرکٹر کمار سنگاکارا نے آئر لینڈ کے ڈبلن ایئر پورٹ پر آئرش فضائی کمپنی کے عملے کی جانب سے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ نسلی امتیاز اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
کمار سنگاکارا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈبلن میں یہ میرا پہلا ناخوش گوار تجربہ تھا، ایئر پورٹ پر عملے کا بات کرنے کا انداز، سفری کارروائیوں میں بے ضابطگیوں کا شک اور دھمکی آمیز رویہ انتہائی افسوس ناک تھا۔
سنگاکارا کے بیان پر ایک صارف نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسافروں کے ساتھ یکساں سلوک کو امتیازی رویہ قرار نہیں دیا جا سکتا اور ممکن ہے کہ سنگاکارا خصوصی رعایت کے عادی ہوں۔
اس صارف کے تبصرے کے جواب میں سنگاکارا نے کہا ہے کہ جب عملے کی جانب سے یہ کہا جائے کہ ’آپ جیسے پاسپورٹ رکھنے والے لوگوں کو ایسے ہی سلوک کی توقع رکھنی چاہیے‘ اور اعتراض کرنے پر مسافروں کو دوسرے افراد کے لیے خطرہ قرار دے کر طیارے میں سوار نہ کرنے کی دھمکی دی جائے تو یہ یکساں سلوک نہیں بلکہ کھلی نسل پرستی ہے۔
پاکستان محفوظ، دنیا آئے اور کرکٹ کھیلے، کمار سنگاکارا، اپنا حصہ ڈالنے آیا ہوں
عالمی سافٹ ویئر کمپنی کے سربراہ سنجیوا ویراوارنا نے بھی سنگاکارا کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بھی مغربی ممالک کے مختلف حصوں میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس پر سنگاکارا نے جواب دیا کہ ایسے رویے کا خود سامنا کرنا انتہائی تکلیف دہ اور حیران کن تجربہ ہوتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ