پیر یکم ذیقعد 1444ھ 22؍مئی 2023ء

9 مئی کی پوری کارروائی میں عمران نیازی کی محنت تھی: احسن اقبال

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا، اس پوری کارروائی پر ایک شخص کی محنت تھی جس کا نام عمران نیازی ہے۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے دفتر اور میٹرو بس اسٹیشن کو جلایا گیا، عوامی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے حمایتیوں کے دلوں میں نفرت بھر دی ہے، عمران خان نے اپنے پیروکاروں کو حکومت اور اداروں کے خلاف بھڑکایا، عمران خان نے اپنی نااہلی اور بیڈ گورننس کا الزام دوسروں کے سر پر ڈالنے کی کوشش کی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران نیازی چاہتے ہیں کہ انہیں دوبارہ سہولت کاری کرا کر اقتدار میں لایا جائے، ان کے اقدامات سے پاکستان دشمنوں کو خوشی ملی، عمران خان نے سازش اور منصوبہ بندی سے 9 مئی کے واقعات کرائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور پُرتشدد واقعات کی ذمے دار پی ٹی آئی کی قیادت ہے، احتجاج کے حق کو ملکی املاک پر حملوں میں استعمال نہیں کیا جا سکتا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحقیقات کے ذریعے ذمے داروں کی شناخت کی جا رہی ہے، بلوائیوں کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا اور غلامی میں دھکیلنا تھا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان نے غیر آئینی طریقے سے اسمبلیاں تحلیل کیں اور اب امریکا، کینیڈا اور برطانیہ کی منتیں کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میں ملک میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا، ہم نے پاکستان میں ترقی کے نئے منصوبے شروع کیے، عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں قید کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اپنی انا پرستی میں خود کو ماورائے آئین سمجھنے لگ گئے ہیں، پی ٹی آئی کے فالوورز کو کہتا ہوں کہ عمران خان کے دھوکوں کو پہچانیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.