سعودی عرب کے شہر حائل میں گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے ہر سال باقاعدگی سے رمضان المبارک میں مفت روٹیاں تقسیم کرنے والا شخص ایک پاکستانی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ایک پاکستانی نانبائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 32 برسوں سے حائل شہر میں رہائش پذیر ہے اور پہلے برس سے اب تک ہر سال رمضان المبارک میں باقاعدگی سے لوگوں کو مفت روٹی دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 32 برس قبل سعودی عرب پیسے کمانے کی خاطر آئے تھے وہ روٹیاں فروخت کرکے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتے ہیں اور ہر سال رمضان المبارک میں ثواب کی نیت سے لوگوں میں مفت روٹیاں تقسیم کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ابتداً روٹیاں اپنے پیسوں سے تقسیم کیا کرتے تھے، اس وقت بہت کم لوگوں کو اس کا علم تھا لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا تو شہرت ملتی رہی اور روٹیاں لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔
پاکستانی نانبائی کا مزید کہنا ہے کہ مجھے کبھی پریشانی نہیں ہوئی کیوں کہ روٹیاں مفت لینے والوں کی تعداد بڑھی تو اللہ نے مخیر حضرات فرشتوں کی صورت بھیج دیے۔ اب میرے ساتھ بعض مخیر حضرات بھی اس فلاحی کام میں تعاون کرتے ہیں۔ وہ روٹی کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق رقم فراہم کرتے ہیں تاکہ اس نیک عمل میں اپنا حصہ شامل کرسکیں۔
پاکستانی نانبائی کو اس خدمت پر نہ صرف سعودی میڈیا بلکہ مقامی سعودی حکام نے بھی سراہا۔
Comments are closed.