بدھ 10؍ذیقعد 1444ھ31؍مئی 2023ء

200 بھارتی ماہی گیروں کو کل ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کیا جائے گا

پاکستان کی سمندری حدود سے گرفتار کیے گئے مزید 200 ماہی گیروں کو کل (یکم جون جمعرات) شام چھ بجے کراچی کے ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی سے رہا کیا جائے گا۔ 

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ملیر محمد ارشد کے مطابق گزشتہ دنوں دو سو بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کے بعد اب ان کا دوسرا بیچ اپنے وطن جانے کے لیے تیار ہے۔

سزا پوری ہونے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کے بعد 200 بھارتی ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مینجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی کی خصوصی ہدایت پر ماہی گیروں کے کراچی سے لاہور تک کے سفر اور طعام کے انتظامات ایدھی فاؤنڈیشن ادا کرے گا۔ 

حسب سابق ایدھی فاؤنڈیشن کی ٹیم ہی بھارتی ماہی گیروں کو جیل سے کینٹ اسٹیشن کراچی پہنچائے گی، جہاں سے علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور تک کا سفر بھی ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ 

لاہور ریلوے اسٹیشن سے ماہی گیروں کو بس کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچایا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.