پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی جانب سے 14 سال پرانے جہازوں کی خریداری کے معاملے پر انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی اور وزارت میری ٹائم افیئرز کی سفارش پر پی این ایس سی کی 14 سال پرانے جہازوں کی خریداری پر تحقیقات کا فیصلہ ہوا ہے۔
وزارت میری ٹائم افیئرز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی انکوائری کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
حکام کے مطابق 14 برس پرانے 2 جہازوں کی خریداری 8 ارب روپے میں کی گئی تھی، ان میں سے ایک جہاز میں بڑا فالٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ پی این ایس سی کے خریدے گئے ایک جہاز کا تیل پمپنگ سسٹم بوسیدہ نکلا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرگودھا جہاز شیڈول کے مطابق پیر کی شام پورٹ قاسم پر خام تیل کی ترسیل میں ناکام رہا۔
پی این ایس سی ذرائع کے مطابق پہلی بار خریداری کے بعد جہاز میں اتنی جلد فالٹ نکلا ہے، جہاز کی پورٹ قاسم کے باہر سمندر میں 3 دن تک مرمت کی گئی۔
ترجمان پی این ایس سی کے مطابق جہاز آؤٹر اینکریج سے پورٹ قاسم کےلیے روانہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے جہاز مردان کی اگلے ماہ ڈرائی ڈاکنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیرون ملک ڈرائی ڈاکنگ یا بنیادی سروسنگ پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی سال پہلے خریدے گئے 2 جہاز خیرپور اور بولان اب تک ڈرائی ڈاک پر نہیں گئے۔
Comments are closed.