بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

12 ربیع الاول پر سیاسی رہنماؤں کے پیغامات

12 ربیع الاوّل کے موقع پر سیاسی رہنماؤں نے تمام مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغامات جاری کیے ہیں۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حضرت محمد صَلَّی اللّٰہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمْ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خاص طور پر سیرت النبی ﷺ کا گہرائی سے مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے، اسلام علم حاصل کرنے اور بلند کردار کے خصائص پیدا کرنے پر زور دیتا ہے۔

ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آپﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی دنیا لیے ہوئے ہے، نبیﷺ کا پیغامِ محبت، برداشت اور انکساری ہر مسلمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ اسوۂ النبیﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔

سابق وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمِ اسلام کو آج خاتم النبینﷺ کے جشن ولادت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مہنگی بجلی اور افلاس کے باوجود لوگ جشنِ ولادت رسول اللّٰہ ﷺ منا رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللّٰہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت پوری انسانیت کے لیے باعث سعادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی ولادت انسانیت پر اللّٰہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہے اور آپ ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے۔

قائم مقام گورنر خیبر پختون خوا مشتاق غنی نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کا مقدس دن ہماری زندگیوں کے لیے بہت برکت کا دن ہے، حضور ﷺ کی زندگی و سیرت ہمارے لیے ایک رول ماڈل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امت مسلمہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتفاق اور اتحاد قائم رکھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.