انسانی وزن کے کم ہونے اور بڑھنے میں غذاؤں کے انتخاب اور اس میں موجود کیلوریز کا اہم کردار ہوتا ہے، صحت مند رہنے کے لیے کیلوریز کاؤنٹ یعنی کہ غذا میں موجود توانائی اور جسم کو مطلوب اس کی مقدار پر نظر رکھنا لازمی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے اور بڑھانے کے عمل میں سب سے اہم کردار کیلوریز کا ہوتا ہے، کیلوریز سے لبریز غذائیں موٹاپے سمیت متعدد بیماریوں کا بھی سبب بنتی ہیں جبکہ کم کیلوریز والی غذائیں زیادہ تر قدرتی اور صحت بخش ہوتی ہیں جن کا استعمال صحت اور لمبی زندگی کے حصول کے لیے نہایت ضروری ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے 100 سے کم کیلوریز والی 8 ایسی غذائیں روز مرہ روٹین میں استعمال کے لیے تجویز کی جاتی ہیں جو صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہیں۔
سیب
سیب کے ایک کپ مقدار میں 62 کیلوریز پائی جاتی ہیں، سیب کیلوریز میں کم اور غذائیت سے بھر پور پھل ہے، سیب میں وٹامن سی، فائبر، پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹ جیسی خصوصیات بھاری مقدار میں پائی جاتی ہیں، سیب اسنیک ٹائم ( ہلکی پھلکی بھوک ) کے لیے ایک بہترین غذا ہے۔
بروکولی
بروکولی کے ایک کپ مقدار میں 54 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ انسانی جسم کو ایک دن میں درکار وٹامن سی کی مکمل مقدار پائی بھی جاتی ہے، بروکولی غذائیت سے بھرپور ہے جو کہ زیادہ تر بطور سلاد استعمال کی جاتی ہے۔
اسٹرابیری
اسٹرابیری کی ایک کپ مقدار میں 53 کیلوریز پائی جاتی ہیں، اسٹرابیری خون کی کمی کی شکایت بھی دور کرتی ہے جبکہ بیری فیملی سے تعلق ہونے کے سبب اس کے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں، اسٹرابیری میں ایک مخصوص پروٹین پائے جانے کے نتیجے میں اس کے استعمال سے تا دیر بھوک کا احساس نہیں ہوتا۔
بند گوبھی
بند گوبھی کے ایک کپ مقدار میں 22 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ یہ غذا صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔
کھیرے
ایک مکمل کھیرے میں 28 کیلوریز پائی جاتی ہیں، کھیرا زیادہ تر بطور سلاد یا ڈیٹاکس واٹر بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، کھیرا کھانے سے پیٹ جلدی بھر جاتا ہے اور پانی کی کمی بھی دور ہوتی ہے۔
انڈے
انڈے کا شمار اچھی اور صحت بخش غذاؤں میں کیا جاتا ہے جو اہم غذائی جز سے مالا مال ہوتا ہے، ایک بڑے سائز کے انڈے میں 72 کیلوریز، 6 گرام پروٹین اور بڑی مقدار میں وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں، دیگر کم کیلوریز والی غذاؤں کی طرح انڈوں کا استعمال بھی بھوک کم کرتا ہے۔
پالک
پالک کیلشیم اور آئرن سے بھر پورغذا ہے، اس کے استعمال سے خون کی کمی دور ہوتی ہے، پالک کی ایک کپ مقدار میں صرف 7 کیلوریز پائی جاتی ہیں، پالک میں پروٹین کی بھاری مقدار کے باعث ماہر غذائیت اس کے استعمال کو تجویز کرتے ہیں، پالک کا استعمال سلاد کے طور پر بھی کیا جاتا ہے جس میں فولیٹ، وٹامن اے اور کے کی بھی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے۔
شملہ مرچ
شملہ مرچ کو عموماً سالن یا پھر سلاد بنا کر کھایا جاتا ہے، اس کے ایک کپ ( 92 گرام ) مقدار میں 24 کیلوریز پائی جاتی ہیں ، شملہ مرچ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ کمپاؤنڈ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
Comments are closed.