وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 سال سے پاک مصر تعلقات تعطل کا شکار تھے جو اب از سرنو بحال ہوگئے۔
مصر کے دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ کل مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے ساتھ بہت اچھی نشست ہوئی، مصری صدر نے پاکستان کے لیے گراں قدر جذبات کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا، مصری صدر نے مسلم امہ سے متعلق اپنے وژن کا اظہار کیا، مصری ہم منصب کیساتھ خصوصی نشست میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے مشاورت کے ساتھ آئندہ کیلئے ایک جامع ’روڈ میپ‘ ترتیب دیا ہے، مارچ میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلیٰ سطح کا سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہوگا، اپریل میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف مصر جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف دورہ مصرمیں دفاعی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے، مصری وزیر خارجہ سامح شکری سےنشست میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مئی جون میں مصر کی ہوا بازی مشقوں میں پاکستان شریک ہوگا، مصری وزیر خارجہ سے ملاقات میں کافی اچھی پیش رفت ہوئی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی ترسیلات میں اضافے کے بارے میں بھی آگاہ کیا، ہمیں اقوام متحدہ میں مصرکی معاونت درکار تھی انہوں نے آمادگی کا اظہارکیا، دو طرفہ تعلقات مستحکم بنانے، رابطےبڑھانے، مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج مصر کےسابق وزیر خارجہ، سیکرٹری جنرل عرب لیگ سےملاقات ہوگی، عرب لیگ کی منظورکردہ قرارداد فلسطین پر پاکستان کےموقف کی تائید کرتی ہے، بھارت میں ہندوتوا سوچ غالب آچکی ہے۔
Comments are closed.