منگل17؍جمادی الثانی 1444ھ10؍جنوری2023ء

یہ بلدیاتی الیکشن منصفانہ انتخابات پر سوالیہ نشان ہوں گے: خواجہ اظہار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ یہ بلدیاتی انتخابات منصفانہ شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان ہوں گے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن نے شکوے کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری بات نہیں سنی۔

ان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے، لیکن مزید فورمز پر اسے چیلنج بھی کریں گے، پیپلز پارٹی چاہتی تو حلقہ بندیاں شفاف کی جا سکتی تھیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کا زبان زدِ عام نعرہ ’حل صرف جماعت اسلامی‘ لگا دیا۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کے اعلان کے بعد کیماڑی میں حلقہ بندیوں پر نظرِ ثانی کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ 11 جنوری کو احتجاج میں سب کو شریک ہونے کی دعوت دی ہے، جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کو بھی ہمارے احتجاج میں ساتھ دینا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.