پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یکم نومبر کو گیس، بجلی، آٹا، چینی، دالیں، تیل، سبزیاں اور دوائی مہنگی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نومبر میں گیس مہنگی بھی ہوگی اور ملے گی بھی نہیں، 3 سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کی کوئی سمت نہیں، کوئی حکمتِ عملی نہیں، مہنگائی کے 70 سال کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نا لائقی نا ہلی اور کرپشن کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے۔
ترجمان نون لیگ نے کہا کہ والدین بچوں کے اسکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے، لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے، ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ یکم نومبر کو پھر عمران صاحب مہنگائی کا نوٹس لینے کا ڈرامہ کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفے میں ہے۔
Comments are closed.