آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں گروپ اے کے اہم میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے نمیبیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر اسے ایونٹ سے باہر کردیا۔
گروپ اے کا یہ میچ نمیبیا کے لیے مارو یا مرجاؤ کی صورتحال اختیار کرگیا تھا، تاہم یو اے ای نے بغیر کسی دباؤ کے بہتر کھیل پیش کرکے نیمیبئن ٹیم کے خواب کو چکنا چور کردیا۔
گیلونگ میں کھیلے گئے اس میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یو اے ای نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں پر 148 رنز بنائے جہاں محمد وسیم نے 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان رضوان 43 اور باسل احمد نے 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویسا، برنرڈ اسکولٹز اور بین شکونگو نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبین بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، جہاں وہ 69 رنز پر ہی 7 اہم وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ جیراڈ ہیرسمس نے 16 اور جین فرینکلن نے 14 رنز بنائے تھے۔
اختتامی 3 وکٹوں پر جہاں یو اے ای کی جیت یقینی نظر آرہی تھی وہاں لاہور قلندرز سے کھیلنے والے ڈیوڈ ویسا نے اپنی جاح مزاج بلے بازی سے ناممکن کو ممکن کرنے کی ٹھان لی۔
انہوں نے 25 رنز بنانے والے روبن ٹرمپلمین کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ پر 70 رنز کی شاندار شراکت بنا کر ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔
آخری 3 گیندوں پر جب 10 رنز درکار تھے تو ایسے میں ڈیوڈ ویسا چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یو اے ای کی ٹیم اپنی نپی تلی بولنگ کے باعث یہ میچ 7 رنز سے جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
یو اے ای کی جانب سے باسل حمید اور ظہور خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
خیالہ رہے کہ اس میچ یو اے ای کی کامیابی کے ساتھ ہی 4 پوائنٹس کے ساتھ نیدرلینڈز سپر 12 میں پہنچ گیا جہاں اب اس کا مقابلہ پاکستان اور بھارت جیسی بڑی ٹیموں سے ہوگا۔
Comments are closed.