پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے یو ایس اوپن کے ڈبلز ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا، وہ اپنے برٹش پارٹنر کے ساتھ راؤنڈ آف سکسٹین میں پہنچ گئے۔
ویمنز سنگلز میں عالمی نمبر 1 ایشلے بارٹی کو امریکی کھلاڑی کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہو گئی، جبکہ مینز سنگلز ایونٹ میں عالمی نمبر 1 نوواک جوکووچ جاپان کے نشی کوری کو ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
مینز ڈبلز ایونٹ
یو ایس اوپن ٹینس کے ڈبلز ایونٹ میں اعصام الحق اور جونی اومارا کی جوڑی نے بیلجیئم کے پیئر کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو ایک سے شکست دی۔
پہلا سیٹ بیلجیم کے پیئر نے چھ تین سے جیتا، لیکن پھر اعصام اور جونی نے کم بیک کیا، چھ دو سے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کیا اور فیصلہ کن سیٹ ٹائی بریکر پر جیت کر راؤنڈ آف سکسٹین میں جگہ بنا لی۔
ویمنز سنگلز
ویمنز سنگلز میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، جس میں عالمی نمبر 1 آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی کو ورلڈ نمبر 43 امریکا کی شیلبی روجرز نے ایونٹ سے باہر کر دیا۔
پہلا سیٹ شیلبی روجرز نے چھ دو سے جیتا، پھر ایشلے بارٹی نے کم بیک کیا اور چھ ایک کی کامیابی سے میچ برابر کیا، فیصلہ کن سیٹ بہت دلچسپ رہا جس میں مقابلہ ٹائی بریکر پر گیا ور شیلبی روجرز نے میدان مار لیا۔
مینز سنگلز
مینز سنگلز میں عالمی نمبر 1 سربیا کے نوواک جوکووچ جاپان کے نشی کوری کے خلاف پہلا سیٹ ہار گئے، لیکن پھر انہوں نے کم بیک کیا اور حریف کھلاڑی کو جمنے کا موقع نہ دیا۔
جوکووچ نے لگا تار تین سیٹس چھ تین، چھ تین اور چھ دو سے جیت کر فورتھ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
Comments are closed.