ہفتہ 29؍شوال المکرم 1444ھ20؍مئی 2023ء

یوکرین: تفریحی پارک کے عملے کی غفلت، 4 سالہ بچی کی جان لے گئی

یوکرین کے مقامی تفریحی پارک میں عملے کی غفلت سے 4 سالہ بچی دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے شہر میکولائیو میں مقامی تفریحی پارک میں لگائے گئے باؤنسی کیسل میں 4 سالہ بچی مبینہ طور پر دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 سالہ بچی مقامی تفریحی پارک کے عملے کی زیر نگرانی باؤنسی کیسل میں کھیل رہی تھی تاہم تفریحی پارک کے عملے کی توجہ بچوں کی بجائے موبائل فون پر تھی۔

علاقائی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بچی باؤنسی کیسل کی لوپس میں پھنس گئی تھی جہاں سے وہ نکل نہ پائی اور دم گھٹنے سے اس کی موت ہوگئی۔

بچی کی والدہ کے بیان کے مطابق جب کافی دیر تک بچی کی آوازیں نہیں آئیں تو اس کے بارے میں عملے سے معلوم کیا اس وقت وہ بچی سے لا علم اپنے موبائل فون میں مشغول تھے۔

تاہم بچی ملنے پر لگا کہ وہ گرمی سے بے ہوش ہوگئی ہے اس لئے طبی عملے کو طلب کیا گیا تو معلوم ہوا کہ پارک میں طبی عملے یا ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا بندوبست ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک پیرامیڈیکل اسٹاف جائے وقوعہ پر پہنچا تو بہت دیر ہو چکی تھی، انہوں نے جائے وقوعہ پر ہی بچی کو مردہ قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تفریحی پارک کے 45 سالہ مالک کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.