یوکرین کے دارلحکومت کیف میں روسی حملوں کے نتیجے میں شدید لڑائی کے باعث پاکستانی طلبہ بنکرز اور زیر زمین سرنگوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
بنکرز اور زیر زمین سرنگوں میں پناہ لینے والے طلبہ کا کہنا ہے کہ باہر نکلنے کیلئے کوئی تعاون نہیں کررہا، سفارتخانے سے کوئی پیغام نہیں آیا ، لاوارثوں کی طرح پڑے ہیں، کھانے پینے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ پہلے کہا کیف آجائیں پھر کہا کیف محفوظ شہر نہیں ، کیا کریں کہاں جائیں، کوئی پرسان حال نہیں۔
کیف میں پھنسے طلبہ کا کہنا ہے کہ تقریبا دو سو طلبہ امداد کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نویل کھوکھر کا کہنا ہے کہ یوکرین میں موجود تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔
یوکرین کے دارالحکومت کیف سے پاکستانی سفارتخانے کو ٹرنوپل منتقل کردیا گیا ہے، پاکستانی سفیر نویل کھوکھر نے کہا کہ یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ ٹرنوپل میں آج سے مکمل فعال ہوگا۔
Comments are closed.