یونان میں مال بردار اور مسافر ٹرین میں تصادم: کم از کم 36 افراد ہلاک، ’پوری زندگی میں ایسا کچھ نہیں دیکھا‘

ریل حادثہ

،تصویر کا ذریعہReuters

یونان کے شمال میں واقع شہر لاریسا کے قریب ایک مسافر ٹرین اور مال بردار ٹرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد 36 ہو گئی ہے جبکہ 66 افراد زخمی ہیں۔

یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اور امدادی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والوں کی مدد کے لیے رات بھر کام کیا۔

مسافر ٹرین یونان کے دارالحکومت ایتھنز سے روانہ ہوئی تھی اور تھیسالونیکی شہر جا رہی تھی جبکہ اس میں تقریباً 350 افراد سوار تھے۔

فائر سروس نے اطلاع دی ہے کہ تقریباً 40 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جن میں پیرامیڈیکس زخمیوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کے لیے رات بھر کام کرنے والے امدادی کارکنوں نے افسوسناک مناظر بیان کیے ہیں۔

ایک امدادی کارکن نے یونان کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’ہم لوگوں کو زندہ، زخمی حالت میں نکال رہے ہیں۔ ان میں مردہ بھی ہیں۔ ہم ایک بڑے المیے سے گزر رہے ہیں۔‘

حادثے میں بچ جانے والے مسافروں نے بھی حادثے اور ٹرین سے بچ نکلنے کی تفصیلات بتائی ہیں۔

زخمیں کا علاج

،تصویر کا ذریعہReuters

’دس سیکنڈ کا ڈراؤنا خواب‘

بچ جانے والے ایک مسافرسٹریگیوس مینینس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم نے ایک بڑا دھماکہ سنا۔ یہ دس سیکنڈ کا ڈراؤنا خواب تھا۔ ہم ٹرین میں الٹ پلٹ رہے تھے، پھر ہم ایک طرف گر گئے۔‘

’پھر وہاں افراتفری پھیل گئی۔ کیبل میں آگ لگ گئی۔ آگ فوری طور پر لگی۔ جب ہم (گاڑی میں) الٹ پلٹ رہے تھے تو ہم جل بھی رہے تھے۔ آگ دائیں بائیں دونوں طرف تھی۔ دس، پندرہ سیکنڈ تک افراتفری تھی۔‘

ٹرین حادثہ

،تصویر کا ذریعہEPA

یہ بھی پڑھیے

انھوں نے مزید کہا کہ ’وہاں آگ تھی، تاریں لٹک رہی تھیں، کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، لوگ چیخ رہے تھے، لوگ پھنسے ہوئے تھے۔ جہاں سے ہم نے (ٹرین) سے نکلنے کے لیے چھلانگ لگائی وہ دو میٹر اونچی جگہ تھی اور نیچے لوہے کا ٹوٹا ہوا ملبہ تھا لیکن ہم کیا کر سکتے تھے؟‘

ملبے سے نکلنے والے ایک تھکے ہوئے امدادی کارکن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے اپنی پوری زندگی میں ایسا کچھ نہیں دیکھا۔‘

’یہ افسوسناک ہے۔ پانچ گھنٹے بعد بھی ہمیں لاشیں مل رہی ہیں۔‘

ٹرین حادثہ

،تصویر کا ذریعہReuters

تصادم ’بہت طاقتور‘ تھا

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حادثے کی وجہ کیا ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ ایک مسافر ٹرین جس میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے، ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر بات کرتے ہوئے تھیسالے خطے کے گورنر نے کہا کہ تصادم ’بہت طاقتور‘ تھا۔

انھوں نے کہا کہ ’ٹرین کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا۔ ہم ملبہ ہٹانے اور ریل کے ڈبوں کو اٹھانے کے لیے خصوصی سامان وہاں پہنچا رہے ہیں۔‘

BBCUrdu.com بشکریہ