بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یومِ پاکستان پریڈ: اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے: صدر مملکت

FILE PHOTO

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ ہمیں زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ بلاشبہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں یومِ پاکستان پریڈ منعقد کی گئی جس میں سول، فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ پریڈ میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پرجڑواں شہروں میں مقامی تعطیل، موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی۔ پریڈ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ موسم کی خرابی کے باعث 23 مارچ کو پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔

پریڈ کے موقع پر وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئرمارشل نعمان علی، نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سلامی کے چبوترے پر موجود تھے۔

ایئرچیف مارشل کی قیادت میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیارے فلائی پاسٹ میں شریک ہوئے۔

یومِ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ جنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہاپسندی کی سیاست کو ترک کردے۔ کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔ 5 اگست کا اقدام یو این قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ  بلاشبہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

عارف علوی نے کہا کہ دوست ممالک ترقی وخوشحالی میں ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم دفاعی صلاحیت میں خود مختاری حاصل کرچکے۔ قرارداد پاکستان میں ہندوستان کے مسلمانوں کی منزل کا تعین کیا گیا تھا۔ علامہ اقبال، قائداعظم کی جدوجہد سے 7 سال میں خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

You might also like

Comments are closed.