سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرلئے۔
الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر ظفر اقبال نے فیصلہ سناتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا۔۔
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
تفصیلی فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو آئین کے آرٹیکل 63 ون جی کے تحت سزا دی گئی تھی، ان کی سزا کو 5 سال کا عرصہ بیت چکا ہے، جس کے بعد یوسف رضا گیلانی اب الیکشن لڑنے کے اہل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا تفصیلی فیصلے میں یہ بھی کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیسز زیرِ التواء ہیں جن میں سزا نہیں ہوئی ہے، زیرِ التواء کیسز یوسف رضا گیلانی کو الیکشن لڑنے سے روک نہیں سکتے۔
اس سے قبل گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کے لیے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذاتِ نامزدگی پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو آج صبح سنا دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ، فوزیہ ارشد، فرح اکبر، فرزانہ کوثر، طارق فضل چوہدری، فرید رحمٰن کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے جبکہ آزاد امیدوار محمد یوسف کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ہیں۔
Comments are closed.